2011

دَھوانے سے تربوز تک

گئے زمانوں کی بات ہے کہ گرمیوں کے آتے ہی بازاروں میں ریڑھیوں، ٹھیلوں اور تھڑوں پہ بڑے بڑے، ہرے ہرے تربوزوں کی بہار آ جاتی تھی۔ یوں لگتا تھا جیسے لنڈا بازار لگ گیا ہے تربوزوں کا۔ ہر طرف ” جیہڑا پٹو لال اے” کی آواز آتی تھی، اور کسی ایک کی بات کا بھی یقین نہیں آتا تھا! خود جا کے تین چار تربوز اٹھا کے، دیکھ بھال کے “ٹک” لگا کے ‘لال پن’ چیک کیا جاتا تھا اور پھر سودا مکایا جاتا تھا کہ یہ لو دو “دھوانوں” کے دس روپے اور وہ چھوٹا والا چونگے میں دو۔۔۔۔ یہ بات کوئی سن صفر کے زمانے کی نہیں ہے، مجھے بھی یاد ہے کہ دس کے دو تو مل ہی جایا کرتے تھے۔ بچپن میں مجھے کبھی بھی تربوز زیادہ پسند نہیں آتے تھے، سارے ہاتھ گیلے، بعد میں چِپ چِپ، جہاں کھاؤ وہ جگہ بھی گیلی۔۔۔اور مکھیوں کا میلہ الگ۔۔۔۔ اوپر سے اتنی بڑی بڑی کاش کاٹ کر دیتے تھے کہ کھاؤ تو گالوں تک منہ دھونا پڑے، ساتھ ساتھ یہ بھی سنتے جاؤ کہ خبردار جو اب پانی پیا تو۔۔۔ہیضہ ہو جائے گا، یہ ہو جائے گا، وہ ہو جائے گا۔۔۔۔۔۔ کیوبز کاٹ کے کانٹوں سے کھانے کا فیشن ذرا لیٹ آیا تھا۔ بازاروں میں جا بجا مکھیوں کی کالونیوں کے سائے میں چھلکوں اور ادھ کھائے تربوزوں کا ڈھیر۔ چلتے چلتے پیاس لگی، ایک دھوانا لیا اور گوڈے پہ رکھ کُہنی ماری، ہاتھ سے کھایا، جتنا کھایا ٹھیک باقی وہیں چھوڑ چھاڑ، یہ جا وہ جا۔۔۔۔

اب ذرا نئے زمانے کی بات کرتے ہیں: جمعے کا دن لیکن بازار میں ٹھیلوں پہ اکا دکا ہی نظر آ رہے ہیں، چلو جی، ہو سکتا ہے موسم نہیں آیا ابھی۔ یہ رہے! واہ! جی کس طرح دے رہے ہیں بھائی صاحب؟
آپ بتائیے کونسا تول دیں؟
یہ والا۔۔۔۔
ہممم۔۔۔۔ پونے چار کلو کا ہے، ڈھائی سو ہو گئے!!!
ہائیں!
چلیں آپ دو سو چالیس دے دیں۔۔۔
نہیں نہیں، یہ تو بہت زیادہ ہیں۔ یہ ذرا چھوٹے والا تول دیں۔۔
ہممم،۔۔۔ اس کے آپ ایک سو تیس دے دیں۔
یار انڈے سے تھوڑا بڑا ہی تو ہے۔۔۔۔۔ خیر! یہ لو۔
بھائی صاحب! لال کی گارنٹی ہے۔ یہ دیکھیں۔

یہ تھا ایک دوکاندار کے ساتھ مکالمہ برائے بازیابئ یک عدد تربوزاں بقیمتِ ارزاں! ۔
اب کون دو دو سو کے تربوز گوڈے پہ رکھ کُہنی مار کے پٹے گا۔۔۔۔؟
کہاں تو نہر پہ یار دوستوں کے ساتھ جا کے تقریبآ مفت کی “دھوانا پارٹی” ہو جاتی تھی۔۔۔ اب کون 1ہزار روپے کے چار خرید کر انہیں نہر کے پانی میں لگائے گا۔۔۔؟
اب تو ڈاؤلینس میں ٹھنڈے کئے جائیں گے، کیونکہ ڈاؤلینس ریلائبل ہے!۔

سنتے تھے کہ باہر کے ملکوں میں آم کی ایک ایک کاش ڈالروں میں بِکتی ہے۔۔۔۔ ان کا تو پتا نہیں، ہمارے تربوز ضرور اب ‘پھاڑیوں’ کے حساب سے بِکا کریں گے۔ دس روپے کی تو وہ اوپر والی “ٹک زدہ” تکونی کاش ملا کرے گی۔ یعنی کہ اب دھوانا ایک تعلیم یافتہ، مہنگا اور امیرانہ ٹھاٹھ باٹھ والا فروٹ بن گیا ہے، اب دَھوانا واقعی تربوز بن گیا ہے۔۔۔۔۔!۔

نوٹ: ہو سکتا ہے کہ مجھے ہی مہنگائی آج محسوس ہوئی ہو۔ کیونکہ میں تربوز کو کوئی اعلیٰ نسل کا فروٹ شمار نہیں کرتا تھا۔ حالانکہ اس کا نام بڑا فارسی فارسی سا لگتا ہے۔
اور جو میں نے پرانے وقتوں کے حالات لکھے، وہ میرے دور کی بات نہیں۔ میرا دور اس کے بعد کا ہے اور ابھی جاری ہے۔ آخری یاد داشت اس وقت کی ہے جب تقریبا 10 یا 20 کا ایک تو مل ہی جاتا تھا کیونکہ کافی عرصے بعد تربوز خریدنے کا اتفاق ہوا۔ اس کی وجہ اسلام آباد میں اور ہاسٹل کے تقریبا ممی ڈیڈی ماحول میں قیام ہے۔

آہستہ آہستہ میں بلاگنگ کی طرف لوٹ رہا ہوں۔۔۔۔۔ ڈاکٹر صاحب! میری آنکھوں سے یہ پڑھائی کی پٹیاں ہٹا دو۔۔۔۔۔ مجھے پھر سے ہرا ہرا سوجھ رہا ہے۔۔۔۔
خیر فی الحال آپ کی خدمت میں دو عدد فلمستانی پوسٹوں کے روابط نقل چھاپ کئے دیتے ہیں۔
دی نیکسٹ تھری ڈیز The Next Three Days
پرنس آف پرشیا: دی سینڈز آف ٹائم Prince of Persia: The sands of time

انجوائیں!

تمام قارئین، حاضرین، ناظرین، متاثرین ۔۔۔۔ سب کو میرا عاجزانہ سلام!
مجھے پوری نہیں تو آدھی امید تو ہے کہ آپ مجھے بھول گئے ہوں گے جیسے کہ میں۔۔۔۔ اپنے بلاگ کا یوزرنیم ہی بھول گیا تھا۔۔۔۔! جو نہیں بھولے ان کا شکریہ۔۔۔ جو بھول گئے ان کو ملامت!!
اس طویل غیر حاضری کی وجہ انجینئرنگ کی آخری ششماہی تھی۔ پڑھنا پڑھانا تو خیر کیا ہوتا ہے، بس ذرا ششکے کے طور پہ بلاگ کو ’سیڈے‘ لگا دیا تھا۔ اب تو فارغ التحصیل ہوئے اور خیر سے بر سر بے روزگار ہوئے بھی ایک ماہ ہونے کو ہے۔ اس عرصے کے دوران دوسری تمام بلاگی سرگرمیوں سے بھی کنارہ کئے رکھا۔ ہاں، فیس بک پہ جلوہ افروزیاں جوں کی توں برقرار تھیں اور ہیں۔ :پ
آج ایک دوست کی نئی نئی ویب سائٹ دیکھی تو دل میں خیال آیا کہ ہمارا بھی ایک بلاگ ہے۔۔۔۔ شیخیاں بگھارنے کو پتا درج کیا تو لاگ ان کا صفحہ آیا۔ پچھلے ڈیڑھ سال سے لیپٹاپ پہ ونڈوز ری نِیو کرنے کی نوبت نہیں آئی تھی۔۔ ڈگری مکمل ہوتے ہی لیپٹاپ کو غسلِ فراغت دیا تھا، لہٰذا تمام محفوظ شدہ پاسورڈ شاسورڈ مٹا دیئے تھے۔ اب اپنے سارے نام لکھ لکھ کے دیکھ لئے اور پاسورڈ میں بھی ’ سب‘ کوڈ ورڈز لگا لئے۔۔ لیکن کوئی شنوائی نہیں۔۔۔ فیس بک پہ محترم مولانا ڈفر صاحب ڈی والے نے بتایا کہ یوزرنیم تو ایڈمن ہوتا ہے نا۔۔۔۔ :)
بس پھر سب کچھ ایک دم سے ذہن میں آ گیا۔ اس کارِ خیر کیلئے میں ڈفر اور محترم منیر عباسی صاحب کا بھی مشکور ہوں، جنہوں نے مدد کی، اور یاسر جاپانی کا بھی۔۔ انہوں نے’ ٹرائی ٹرائی اگین‘ کا نادر مشورہ مفت دیا۔
اس پوسٹ کو یہیں پہ ختم کرتے ہیں اور آئیندہ آنے کی امید کے ساتھ ولسلام!