پاک اردو انسٹالر – م بلال م کی جانب سے

پچھلے دنوں ابو شامل نے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو کی ترویج کیلئے ایک ایسے اردو انسٹالر کی ضرورت کا ذکر کیا تھا جو صرف چند کلکس میں کسی بھی کمپیوٹر کو اردو لکھنے اور پڑھنے کیلئے موزوں بنا دے۔ یہ ایک ایسی ضرورت ہے جس سے انکار نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ونڈوز میں اردو فعال کرنا، پھر کی بورڈ لے آؤٹ اور پھر مناسب سے فونٹس ڈالنا۔۔۔ یہ سب کام ایسے شخص کیلئے تو کوئی مشکل نہیں ہیں جو کمپیوٹر پروگرامر ہو یا پرانا اردو بلاگر ہو یا کم از کم اردو اخبارات یا ویب سائیٹس وزٹ کرتا ہو۔ ان کے علاوہ باقی افراد کو سارا عمل بتانے سے بہتر ہوتا ہے کہ انہیں یہ سب خود کر کے دے دیا جائے۔۔۔۔!
میں اپنے ارد گرد کے لوگوں کی بات کروں تو 70 فیصد یہ نہیں جانتے کہ کمپیوٹر پر اردو لکھی جاتی ہے۔ حالانکہ سارا دن وہ انٹرنیٹ، فیس بک، موبائل وغیرہ پہ رومن اردو لکھ لکھ کر تھکتے نہیں لیکن ’اردو‘ کے بارے کچھ نہیں پتا ہوتا۔ اس کی بڑی وجوہات کے بارے میں ابو شامل اپنی پوسٹ میں تفصیل سے لکھ چکےہیں، جو کہ صد فیصد درست ہے۔ میرے کئی ایسے دوست ہیں جو کہ انگریزی زیادہ نہیں جانتے لیکن کسی نہ کسی ضرورت کے باعث یا محض تفریح کیلئے کمپیوٹر استعمال کرتے ہیں۔ اکثر مجھے ان کے پیغام موصول ہوتے ہیں کہ یار فلاں لفظ کی اردو بتا دو، فلاں کی انگریزی بتا دو۔۔۔ اگر وہ اردو لکھنے کے بارے میں جانتے ہوں تو خود ڈھونڈ سکتے ہیں اور مزید معلومات بھی پڑھ سکتے ہیں جو کہ ظاہر ہے اگر اردو میں سرچ کی جائے تو اردو کے روا بط کی صورت میں مل سکتی ہے۔ مثال کے طور پر میرے بڑے بھائی بہت عرصے سے کمپیوٹر کے صارف ہیں اور انہیں بنیادی کمپیوٹر آپریٹنگ آتی ہے لیکن انہیں یہ نہیں معلوم کہ اگر اردو میں سرچ کیا جائے تو اردو میں بھی معلومات مل جائے گی۔ میری یہ عادت ہے کہ میں اگر میں ویکیپیڈیا پہ کچھ (انگریزی میں) سرچ کروں تو اس کا اردو صفحہ ضرور دیکھتا ہوں اگر ہو تو۔۔ میرے بھائی نے ایک دو دفعہ جب یہ دیکھا کہ اردو میں بھی معلومات کا بہت سا ذخیرہ ویب پر موجود ہے تو وہ حیران ہوئے کہ انہیں اس بارے میں نہیں معلوم تھا۔ اب وہ اکثر ہی اردو ویکیپیڈیا پہ اردو صفحات دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ اگر میں نے کچھ انگریزی میں بھی کھولا ہو تو فورآ کہتے ہیں کہ یار اردو میں دیکھ لو ناں، تا کہ ہمیں بھی کچھ سمجھ آ جائے ساتھ ساتھ۔۔۔۔ یعنی کہ بنیادی مسئلہ اردو کی انٹرنیٹ اور کمپیوٹنگ میں مناسب پروموشن ہے۔ جس کیلئے بہرحال سب کو ہی کوشش کرنی چایئے۔
اور اس اہم کام کا ایک سنگ میل ہے پاک اردو انسٹالر جو کہ چند کلکس میں آپ کے کمپیوٹر کو اردو کیلئے تیار کر سکتا ہے۔ اس کیلئے م بلال م ، جو کہ پہلے ہی اردو اور کمپیوٹر وغیرہ کے متعلق کافی نمایاں خدمات انجام سے چکے ہیں، کا بہت بہت شکریہ۔
اس پوسٹ کا مقصد صرف یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ افراد کی اس انسٹالر تک رسائی ممکن بنائی جا سکے تا کہ وہ آسانی سے اردو میں لکھ پڑھ سکیں۔
پاک اردو انسٹالر ڈاؤنلوڈ کریں۔

اس تحریر پر 2 تبصرے کئے گئے ہیں

تبصرہ کیجئے

بے فکر رہیں، ای میل ظاہر نہیں کیا جائے گا۔ * نشان زدہ جگہیں پُر کرنا لازمی ہے۔ آپکا میری رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں، لیکن رائے کے اظہار کیلئے شائستہ زبان، اعلیٰ کردار اور باوضو ہونا ضروری ہے!۔ p: