گرم / سرد
اوائل جنوری کی نرم اور مدھم دھوپ اس ٹھٹھرتے شہر کو پھر سے زندگی کا پیغام دے رہی تھی۔ پچھلے دو دن وقفے وقفے سے ہونے والی برف باری نے ہر طرف دودھیا چادر تان رکھی تھی، لیکن اب سورج کی شعائیں اس چادر میں جگہ جگہ شگاف کرتی نظر آرہی تھیں۔ درختوں کی ننگی شاخوں سے ٹپکتے پانی کے قطرے جہاں گرتے وہاں ایک ننھا سا گڑھا بنا جاتے۔ اپارٹمنٹ کی پچھلی طرف موجود کھیل کے میدان میں ایک نوجوان جوڑا ہاتھ میں ہاتھ ڈالے، برف میں اپنی قدموں کے نشان چھوڑتا بنچ کی جانب بڑھ رہا تھا۔ پچھلی طرف کھلنے والی کھڑکی سے باہر کا منظر دیکھنا اس کا پسندیدہ مشغلہ تھا۔ یخ ہوتے شیشے سے ناک چپکائے وہ اسی جوڑے کو دیکھ رہی تھی، جن کے پیچھے پیچھے دو کتے دم ہلاتے ہوئے، برف میں اٹھکھیلیاں کر رہے تھے۔ نوجوان لڑکے نے آگے بڑھ کر بنچ پہ موجود برف کی دبیز تہہ کو ہٹایا اور لڑکی کے بیٹھنے کی جگہ بنائی۔ آنکھوں میں تشکر کا احساس لئے لڑکی نے پیار سے نوجوان کی طرف دیکھا اور ۔۔۔۔۔۔۔ پھر سنبھلتے ہوئے بنچ پہ بیٹھ گئی۔ زونال کی آنکھیں ایک دم دھندلا گئیں۔ باورچی خانے سے آتی کُکر کی سیٹی کی آواز اسے واپس کمرے میں لے آئی۔ [مکمل تحریر پڑھیں]