حقّہ ٹھنڈا ہونے تک

عمیر ملک

June 26, 2009

Share Article
آجکل پاکستان میں ہر بات ایک ایشو(issue) بن جاتی ہے، اور اتنے ایشو بنتے ہیں کہ ایشو بننا بھی کوئی ایشو نہیں رہتا، یعنی کہ
مشکلیں مجھ پہ پڑیں اتنی کہ آساں ہو گئیں
عوام کے لیے اب کوئی بڑے سے بڑا واقعہ بھی بس اتنی اہمیت رکھتا ہے کہ حقّہ ٹھنڈا ہونے تک اس پہ بات ہو سکتی ہے یا نہیں!
اس بات کا احساس اس وقت زیادہ ہوتا ہے جب میں اپنے ہاسٹل سے تعطیلات میں واپس لالہ موسیٰ آتا ہوں اور حیران ہوتا ہوں کہ ہم وہاں جن خبروں کو انٹرنیٹ یا کیبل پہ دیکھ کر پریشان ہو رہے ہوتے ہیں ، یہاں ایسا نہیں ہوتا۔ ۔ ۔ یہاں بس حقّہ ٹھنڈا ہونے تک ہی بات کی جا تی ہے۔۔ ۔ ۔ ۔
ویسے بھی آجکل یہاں کے لوگوں میں سیاسی “بالیدگی” اور ایوانوں کے داؤ پیچ کا شعور خود بخود ہی پیدا ہو گیا ہے، اور کیوں نہ ہو آخر وفاقی وزیر برائے ” پتا نہیں کیا کیا” جناب کائرہ صاحب اور صوبائی وزیرِ خزانہ کا تعلق جو یہاں سے ہے اور پُر رونق ڈیرے خوب ڈورے ڈال رہے ہیں لوگوں کے ذہنوں پر!
معافی چاہتا ہوں ۔ ۔ ۔۔ ۔ ۔ ماحول کا اثر ہے ورنہ آپ تو جانتے ہی ہیں: “بچے غیر سیاسی ہوتے ہیں!”
چلیے بات بدلتے ہیں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ آجکل ہر بات کا تانا بانا سیاسی دھاگوں سے ہی بُنا جا رہا ہے۔ (گو کہ یہ زیادہ مضبوط نہیں ہوتے مگر پھر بھی!) اگر میں یہاں(لالہ موسیٰ میں) کوئی بھی بات حکومت کے خلاف کہہ دوں تو فوراً بھائیوں یا دوستوں میں سے کوئی نہ کوئی اس کی تردید ضرور کر دے گا اور مجھے سیاسی مصلحتوں اور حکومتی مجبوریوں پر لیکچر دے دے گا۔ “بھیا! یہ سیاست کی بوالعجیبیاں ہیں، تم نہیں سمجھو گے!”
خیر صاحب! ہم سمجھنا بھی نہیں چاہتے، ہم لنڈورے ہی بھلے!!۔

Written by عمیر ملک

View all posts →

4 Comments

میرا پاکستان June 26, 2009 at 9:46 pm
Reply

تحریر جاندار ہے۔ ہمارا تعلق بھی لالہ موسی سے ہے مگر آپ سے بہت سینئر ہیں۔ اچھا لگا جان کر کہ کوئی تو بلاگنگ میں اپنا گرائیں نکلا۔

Jafar June 27, 2009 at 12:00 pm
Reply

سوچنے پر مجبور کرنے والی تحریر ہے۔۔۔
بہت اعلی

ابوشامل June 29, 2009 at 2:58 pm
Reply

بہت اچھی تحریر ہے۔ واقعی مزا آ گیا۔
شاید آپ سے عمر میں بڑے ہوں ہم لیکن آپ کے پائے تک پہنچنے میں وقت لگے گا۔ جیتے رہیے۔
بلاگ کی لوح (ہیڈر) اور نعرہ (ٹیگ لائن) بہت زبردست لگی۔

عین لام میم June 30, 2009 at 1:00 am
Reply

بہت شکریہ ابو شامل صاحب تشریف لانے کا اور حوصلہ افزائی کرنے کا۔ ۔ آپ کی شفقت ہے ورنہ میں نے تو بس کوشش ہی کی ہے۔ ۔ ۔
ایک بار پھر شکریہ!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *