ورڈپریس 3۔3 کی ریلیز کے بعد یقیناً تمام ورڈپریس صارفین اپڈیٹ کرنے کیلئے پر تول رہے ہوں گے ( جن کے پاس پَر ہیں)۔ ایسے میں صرف ایک بات ذہن میں آتی ہے اور وہ ہے کہ ہماری سیٹنگز اور تھیم سیٹنگز کے ساتھ کیا ہو گا؟
جو لوگ ورڈ پریس کی ڈیفالٹ تھیمز استعمال کرتے ہیں وہ جانتے ہوں گے کہ ورڈپریس کی اپڈیٹ کے ساتھ ہی ڈیفالٹ تھیم بھی اپڈیٹ ہو جاتی ہے۔ موجودہ ڈیفالٹ تھیم ”ٹونٹی الیون“ کو بھی اب 3۔1 ورژن پہ اپڈیٹ کر دیا گیا ہے۔ اردو بلاگران کیلئے ان کے بلاگ کی تھیم بہت اہم ہوتی ہے کیونکہ تھیم کی فائل اگر اپڈیٹ ہو جائے تو وہ تمام سیٹنگز جو خاص اردو کیلئے کی جاتی ہیں، ان کے ضائع ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے۔
اس سارے مسئلے کے حل کیلئے اہلِ ورڈپریس ایک طریقہ استعمال کرتے ہیں جسے ”چائلڈ تھیم“ (Child Theme) یعنی ’بچہ جمہورا‘ کہا جاتا ہے۔ اس بچے جمہورے کا یہ فائدہ ہوتا ہے کہ جو بھی خصوصیات اس کی ’ابا تھیم‘ میں ہوتی ہیں، وہ جوں کی توں نقل کر لیتا ہے۔ لیکن جو جو نئے سبق آپ اس کے کچے ذہن میں ڈالتے ہیں، یہ ان کو بھی محفوظ کر لیتا ہے اور اس طرح ایک ایسی تھیم وجود میں آتی ہے جس کے خدوخال اور ڈھانچہ کسی حد تک ابا تھیم جبکہ عادات و اطوار اور بول چال یعنی زبان وغیرہ آپ کی تجویز کردہ ہو جاتی ہیں۔
اس طرح آپ کو مکمل تھیم نئی نہیں بنانی پڑتی بلکہ جو تبدیلیاں آپ کسی بھی تھیم میں لانا چاہتے ہیں، صرف ان کو ہی لکھنا پڑتا ہے۔ اس کا ایک اور اہم فائدہ یہ ہوتا ہے کہ اگر اس تھیم کو اپڈیٹ کیا جائے یا اس میں سے کوئی بَگ یا کیڑے مکوڑے نکالے جائیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا کیونکہ آپ کی تبدیلیاں اصل (ابا تھیم) میں نہیں ہوتیں اس لئے وہ بغیر کسی خدشے کے اپڈیٹ کی جا سکتی ہے۔ اکثر اچھی اور مشہور تھیمز کو باقاعدگی سے اپڈیٹ کیا جاتا ہے اور ان کو پلیٹ فارم ( یعنی ورڈپریس وغیرہ) کی اپڈیٹ سے ہم آہنگ کیا جاتا ہے۔ تاکہ صارف کو تھیم نہ بدلنی پڑے اور وہ تھیم وقت کی تبدیلیوں کا ساتھ دے سکے۔
چائلڈ تھیم کیلئے کم سے کم ایک فائل کا ہونا ضرورئ ہے اور وہ ہے style.css یعنی تھیم کی سٹائل شیٹ فائل۔ زیادہ سے زیادہ جتنی چاہیں اتنی فائلز ہو سکتی ہیں، یعنی جس جس فائل میں آپ تبدیلیاں کرنا چاہیں، وہ شامل کریں اور ایڈٹ کر لیں یا نئی بنا لیں۔
کسی بھی تھیم کو اس کے اصل ڈھانچے میں رکھتے ہوئے صرف اردو کیلئے مناسب تبدیلیاں کرنا زیادہ مشکل عمل نہیں ہے۔ بس تھوڑی سی محنت اور شوق سے یہ کیا جا سکتا ہے۔ مجھے اس بارے میں ’الف، بے‘ بھی نہیں پتا تھی لیکن میں شروع سے ہی اپنے لئے تھیمز کو خود اردو میں تبدیل کر رہا ہوں۔ اور ورڈپریس 1۔3 کے بعد سے چائلڈ تھیم بنا کے ڈیفالٹ (Twenty Eleven 1.3) کو ہی استعمال کر رہا ہوں۔
یہ تو تھا چائلڈ تھیم کا مختصر سا تعارف، مزید پڑھنے کیلئے یہاں جائیں۔ اس ربط سے آپ چائلڈ تھیم بنانے کیلئے ہدایات پڑھ سکتے ہیں۔
میں کوشش کروں گا کہ ڈیفالٹ تھیم کی چائلڈ تھیم بنانے کا طریقہ اردو میں لکھ سکوں تا کہ کوئی بھی اس سے فائدہ اٹھا سکے۔ اگر کوئی اور اس پر کام کر چکا ہے، تو ضرور بتائے۔
اس تحریر پر ایک تبصرہ کیا گیا ہے
تبصرہ کیجئے
پچھلی تحریر: ورڈپریس 3۔3 [نواں آیا اے سوہنیاں!]
اگلی تحریر: نئے سال کی صبح اول کے سورج [نظم۔ محسن نقوی]
مستقل لنک