اپنی ڈومین؛ ایک خواب
حالات بڑے ناسازگار ہیں۔ بلاگستان ایک نازک دور سے گزر رہا ہے۔ ہر طرف مذمتوں اور صفائیوں کا دور چلا ہوا ہے۔ ہم تو نہ تین میں ہیں نہ تیرہ میں۔ پہلے بھی سادہ بلاگر تھے، اب بھی سادہ بلاگر ہیں۔ شروع شروع میں تو مجھے سمجھ ہی نہیں آتی تھی کہ کس نے کس کیلئے کیا لکھا ہے کیونکہ میں سب بلاگز نہیں پڑھ پاتا۔ کئی دفعہ اس طرح کی بلاگ پوسٹوں کی مذمت بھی کی ہے، اور کر بھی کیا سکتے ہیں۔ ہاں! یہ ضرور کر سکتے تھے کہ اس میں حصہ دار نہ بنیں تو یہ بخوبی کیا ہے۔ سادہ سادہ سی پوسٹیں چھاپ دیتے ہیں۔ جو پڑھے اس کا بھی بھلا، جو نہ پڑھے اس کا بھی بھلا۔ شازل نے دو ایک دفعہ کچھ مشکوک فہرستوں کا ذکر کیا ہے جن میں بلاگستان کے ’ٹاپ 10‘ افراد کے نام موجود ہیں۔ جو ایک دوسرے کے بلاگوں پہ تبصرے کر کُر کے فارغ ہو جاتے ہیں۔ یہ لسٹیں ابھی منظرِ عام پہ نہیں آئیں اور فی الحال بلاگستان کی صورت حال دیکھتے ہوئے آئیں گی بھی نہیں۔ ہمیں بھی انتظار ہے کہ دیکھیں ہم بھی اس بلند مقام پہ ہیں یا نہیں۔۔۔ :((
خیر یہ تو تھی بائی دا وے بات، اصل بات یہ ہے کہ میں نے کل ساری رات جاگ کے جناب محترمی و مکرمی محمد اسد صاحب، بلا عنوان والے، کے لکھے گئے نہایت سادہ اور بہترین ٹیوٹوریل سے .co.cc پہ ایک عدد سائٹ بنائی اور پھر byethost پر ہوسٹنگ بھی قائم کر لی۔ مجھے ان تمام چیزوں کے بارے میں ذرہ برابر بھی نہیں پتا تھا اور میں عرصہ ہائے دراز سے یہی سمجھتا تھا کہ اپنی ڈومین پر جانے کیلئے تو بھائی جیب میں پیسا ہونا چاہیئے۔ لیکن ایسی کوئی بات نہیں ہے، اگر آپ اپنی ڈومین پہ جانا چاہتے ہیں تو کئی ایک ایسی سائٹس ہیں جو مفت سہولت فراہم کرتی ہیں۔ میں نے جب کوئی ایسی سائٹ دیکھی جو مفت یہ سہولت دیتی تھی تو مجھے یہی لگتا تھا کہ یہ بعد میں آپ سے پیسے مانگ لیں گے اور آپ کا بلاگ یا سائٹ بند کر دیں گے۔ لہٰذا جو ہے اسی پہ گزارا کرو۔ مجھے بلاگر سے کوئی شکائت تو نہیں ہے، بس میں چاہتا ہوں کہ اپنی ڈومین کا مزا بھی چکھ لینا چاہیئے۔ اسی لئے کل خود کلامی کرنے والے عثمان نے جب یہ بتایا کہ وہ اپنی ڈومین پہ سمیت اپنے بلاگ کے شفٹ ہو گئے ہیں اور تبدیلی کا نشان بن گئے ہیں تو مجھے بھی یہی شوق چرایا۔ میں نے محض معلومات کیلئے ان کے بتائے لنکات کی سیر کی تو بلا عنوان کے ذریعے یہ کام انجام پایا۔ ابھی تو شروعات ہے، میں اس سلسلے میں محمد اسد صاحب سے مزید معلومات اور تعاون کا یقین رکھتا ہوں۔ اس سلسلے کے دیگر اشتراک میں شامل ہیں
م بلال م، قطرہ قطرہ سمندر والے
جہانزیب بھائی، اردو جہاں والے
نبیل حسن نقوی، اردو ویب والے
اور بھی کوئی ہے تو مجھے ضرور بتائے تاکہ میرا کام آسان ہو۔ کریڈٹ دینے کی پوری ذمہ داری لی جاتی ہے۔
>>ایک سوال: محمد اسد سے میں نے رابطہ کیا ہے، وہ یقیناً بتا دیں گے۔ لیکن اگر آپ کو پتا ہے تو ضرور بتائیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا میں اپنی بلاگر کی تمام پوسٹیں سمیت لوازمات کے اپنی ڈومین پہ شفٹ کر سکتا ہوں۔ کیونکہ وہاں تو ورڈ پریس استعمال ہوتا ہے۔؟؟ پلیز ناں مت کرنا!!