جب سے بلاگ یہاں شفٹ کیا ہے، تب سے ہی ذہن میں ایک ہی بات تھی کہ کوئی اچھی سی تھیم ملے تو چپکا لوں۔ محمد اسد کی اردو پریمیم ایک بہترین تھیم ہے لیکن میں چاہتا تھا کہ کوئی خود کوشش کی جائے۔ مصروفیات(:D) کے باوجود یہ سارا ہفتہ کسی نہ کسی وقت تھیم کی تلاش اور اسے اردو کرنے کی کوششوں میں ہی گزرا۔ اتنے عرصے کی محنت کے بعد تو جا کے بلاگر کی تھیمیں اردو کرنا آئیں تھیں۔ جب آ گئیں تو وہاں سے کُوچ کر لیا۔۔۔۔۔ اب ورڈ پریس کھول کھول کر دیکھتا ہوں کہ یہ بھی کچھ سمجھ آ جائے۔ اور آہستہ آہستہ آ ہی گیا ہے۔ بلاگر کے ٹیمپلیٹس کے مقابلے میں ورڈ پریس تھیمز زیادہ لچکدار ہیں۔ ان میں تکنیکیات زیادہ ہے اس لئے کنفیوژ کرتی ہیں۔ کل رات بہت ہی محنت کے بعد میں نے ایک فارسی تھیم ’پرشیا‘ کو اردو کیا۔ ورڈپریس تھیمز میں کچھ مخصوص فنکشن استعمال کئے جاتے ہیں جن کی قدروں کو بدلنے سے تھیم کی زبان بدلی جا سکتی ہے۔ پہلے پہل تو کچھ سمجھ نہ آئی، پھر کئی ایک انگریزی ویب سائیٹس کی آوارہ گردی سے چند سافٹویئر ملے جن کے استعمال سے ورڈپریس تھیم میں سے ایسی ترکیبات نکال لی جاتی ہیں جن کے ترجمے سے تھیم میں موجود انگریزی کے الفاظ لوکل زبان میں آ جاتے ہیں۔ اس کام کیلئے ایک سافٹویئر ہے PoEdit۔ جو po. اور pot. فائلوں سے mo. فائلیں بناتا ہے۔ mo. فائل ہی اصل میں تھیم کا ترجمہ سسٹم تک پہنچاتی ہے۔ خیر یہ باتیں تو یونہی ایفیشنسی جھاڑنے کیلئے کر دیں۔
’پرشیا‘ تھیم کی تیاری کے بعد میں نے ورڈپریس 3 کی ڈیفالٹ تھیم ٹونٹی ٹین (TwentyTen) کو اردو کیا اور یہ مجھے اپنے بلاگ کیلئے بہتر لگی۔ ہیڈر میں نے خود تھوڑا بہت جوڑ جاڑ کے بنایا ہے۔ ہمیشہ کی طرح، ایک سادہ اور پرکاری والی تھیم میرے بلاگ کی زینت بن گئی۔۔۔۔!
ٹونٹی ٹین ایک عمدہ تھیم ہے اور ورڈپریس والے تو اس کی تعریفوں میں رطب السان ہیں۔ بس تبصروں کیلئے اردو ایڈیٹر کی کمی رہ گئی ہے۔ ایک دو چیزیں اور بھی ہیں جو میں بدلنا چاہتا تھا لیکن مجھے ان کا سِرا مل کے ہی نہیں دیا مثلاً تبصروں والے حصے میں Leave a Reply اور تبصرہ فارم کی مختلف لائنیں۔ پرشیا تھیم میں یہ بھی po. فائل میں موجود تھیں لیکن اس میں نظر نہیں آئیں۔
اس کیلئے مجھے مفت مشوروں کی ضرورت ہے۔