عید مبارک بار بار

عمیر ملک

August 31, 2011

Share Article


السلام علیکم
تمام قارئین کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے عید مبارک۔
میری ہمیشہ سے یہ خواہش تھی کہ میں اتنا فارغ ہو جاؤں کہ عید والے دن بھی اس موئے انٹرنیٹ پہ بیٹھا بلاگ لکھ رہا ہوں۔۔۔۔ پہلے میں نے یہ سوچا کہ عید والے دن ایک آدھ گھنٹا نکال کر لیپٹاپ چالو کیا جائے اور کسی بھی کونے میں بیٹھ کر کچھ لکھ دیا جائے اور ہو گیا! لیکن یہ صرف کہنا آسان تھا کیونکہ فی الحال میرا کوئی ذاتی کمرہ مختص نہیں ہے اور ہمارے گھر میں یہ اصول ہے کہ چھڑے چھانٹ لوگوں کو الگ کمرے کی کیا ضرورت۔۔۔ کسی بھی کمرے میں دو گز زمین میسر آئے تو بوریا بستر ( یا لیپ ٹاپ موبائل) اٹھاؤ اور وہاں چلے جاؤ۔ آجکل ہم ڈرائنگ روم کم سٹنگ روم میں رات کے وقت (یا کسی بھی وقت) سونے کے مجاز ہیں۔ لہٰذا عید کے روز تو اس طرح کی بیٹھک وغیرہ اس طرح بھری ہوتی ہے جس طرح عید سے ایک دن پہلے نائی کی دکان! اور حلوائی کی دکان پہ دادا جی کی فاتحہ تو ہو سکتی ہے لیکن نائی کی دکان پہ بلاگنگ۔۔۔۔ کبھی سنا نہیں۔
بس اسی وجہ سے میں نے ایک سادہ اور آسان سا کام کیا اور وہ یہ کہ پوسٹ (اسم) لکھی ایک دن پہلے جائے اور پوسٹ (فعل) اگلے دن کیا جائے تاکہ کھیر کھانے کیلئے آنے والوں کا تانتا بغیر کسی خلل کے بندھا رہے۔ یہ کام کرنا نہایت آسان ہے، کم از کم ورڈ پریس والوں کو معلوم ہی ہو گا کہ وہ اپنی تحریر کو موخر کرکے بعد میں شایع کرنے کیلئے شیڈیولنگ کا استعمال کر سکتے ہیں۔ اس بات سے مجھے بر سبیل التذکرہ یاد آ گیا کہ کیا ایسا ہو سکتا ہے کہ عید کا چاند ایک دن پہلے ہی کسی ’سیانے‘ بندے کو دکھوا دیا جائے اور اعلان اگلے دن ’شیڈؤل‘ کر دیا جائے۔ یا ،جن حضرات کو ایک دن پہلے چاند نظر آ گیا تھا، انہی سے کہا جائے کہ اگلے دن بھی اسی مبارک جگہ جا کے چاند دیکھ لیں اور اس کا ثواب اور شہادت ہماری کمیٹی کی مِلک کر دیں۔
اصل مقصد صرف تمام لوگوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا تھا اور ایک بلاگر کیلئے اس کے علاوہ اور کیا طریقہ ہو گا۔
تمام پڑھنے والوں اور ان کے اہلِ خانہ کو عید الفطر بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کیلئے اس عید کو اور آنے والے تمام دنوں کو خوشیوں، امن اور سلامتی کا مخزن بنا دے۔ آمین

بقول شاعر:

ایک ،دو، تین، چار
عید مبارک بار بار

🙂

Written by عمیر ملک

View all posts →

9 Comments

عدنان شاہد August 31, 2011 at 9:12 am
Reply

بہت خوب بھائی
آپ کو بھی بہت بہت عید مبارک

عمیر ملک Author August 31, 2011 at 11:32 am
Reply

شکریہ۔ خیر مبارک

محمد طارق راحیل August 31, 2011 at 9:27 am
Reply

میں نے چاہا اس عید پر
اک ایسا تحفہ تیری نظر کروں
اک ایسی دعا تیرے لئے مانگوں
جو آج تک کسی نے کسی کے لئے نہ مانگی ہو
جس دعا کو سوچ کر ہی
دل خوشی سے بھر جائے
جسے تو کبھی بھولا نہ سکے
کہ کسی اپنے نےیہ دعا کی تھی
کہ آنے والے دنوں میں
غم تیری زندگی میں کبھی نہ آئے
تیرا دامن خوشیوں سے
ہمیشہ بھرا رہے
پر چیز مانگنے سے پہلے
تیری جھولی میں ہو
ہر دل میں تیرے لیے پیار ہو
ہر آنکھ میں تیرے لیے احترام ہو
ہر کوئی بانہیں پھیلائے تجھے
اپنے پاس بلاتا ہو
ہر کوئی تجھے اپنانا چاہتا ہو
تیری عید واقعی عید ہوجائے
کیوں کہ کسی اپنے کی دعا تمہارے ساتھ ہے

عمیر ملک Author August 31, 2011 at 11:32 am
Reply

دعائیہ نظم کا بہت بہت شکریہ۔ 🙂

ایم اے راجپوت August 31, 2011 at 10:48 am
Reply

بھائی آپ کو بھی میری طرف سے عید مبارک۔۔
تقبل اللہ منی ومنکم صالح الاعمال۔۔

عمیر ملک Author August 31, 2011 at 11:31 am
Reply

آمین۔ خیر مبارک

عادل بھیا September 4, 2011 at 3:00 pm
Reply

خیر مبارک بھیا۔۔۔۔ گو میں لیٹ ہوگیا لیکن آپکو بھی گزشتہ عید بہت مبارک ہو۔ اللہ کرے یہ عید آپ کیلئے بے شمار خوشیوں کا باعث بنی ہو۔

عمیر ملک Author September 4, 2011 at 4:38 pm
Reply

آئے تو سہی بر سر لیٹ ہی آئے۔۔۔۔
بہت شکریہ۔

عید مبارک بار بار | Tea Break September 5, 2011 at 5:28 pm
Reply

[…] عید مبارک بار بار […]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *